لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) کرونا وائرس کی وجہ سے انگلش کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے تین ٹیسٹ کے پروگرام میں ردوبدل کی کوشش کی تو پاکستان ٹیم انگلینڈ میں 3 کی بجائے 4 ٹیسٹ کھیلے گی۔انگلش کرکٹ بورڈ ایک سے ڈیڑ ھ ہفتے کی تاخیر سے اپنا انٹر نیشنل سیزن شروع کرنا چاہتا ہے۔اس سلسلے میں خاموش رابطے ہوئے ہیں اور حتمی فیصلہ پندرہ مئی تک متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت کی ہے لیکن اس بات کا تمام تر انحصار کرونا کی صورتحال پر ہے۔ویسٹ انڈین بورڈ شیڈول میں تبدیلی سے انکار کررہا۔اگر ویسٹ انڈیز نے ایک ٹیسٹ کم کھیلا تو پاکستان کو یہ تجویز دی جائیگی کہ وہ چار ٹیسٹ کی سیریز کھیلے۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ23جولائی کو ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔