اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ریفرنس میں مسلسل عدم پیشی پر سابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کی استثنی کیلئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے فرزانہ راجہ اور راجہ عبدالمناف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران حاضری سے استشنی کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ عدالت نے مسلسل غیرحاضری پر فرزانہ راجہ کے وارنٹس جاری کرتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ جبکہ شریک ملزم راجہ عبد المناف کے ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کردیے اور کہا کہ فرزانہ راجہ ریفرنس دائر ہونے کے بعد سے اب تک عدالت پیش نہیں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق فرزانہ راجہ دس سال قبل پاکستان سے امریکہ منتقل ہو چکی ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فرد جرم کیلئے تمام ملزمان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24مئی تک ملتوی کر دی۔