راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد ناصر مرزا کی قیادت میں وفد نے سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے وکرما سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر عثمان اشرف اورنائب صد ر شاہ ریز ملک بھی موجود تھے ۔سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے پاکستان کے ساتھ گہرے تاریخی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہیں۔ فروری میں وزیراعظم عمران خان کے سری لنکا کے دورے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان رابطے مزید مستحکم ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ براہ راست پروازوں کے حوالے سے سیکرٹری ایوی ایشن اور پی آئی اے چیئرمین سے حالیہ ملاقات مفید رہی ہے۔ کئی شعبوں میں دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ فارما سئیوٹیکل، فوڈ،جیمز اینڈ جیولری، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں باہمی تعلقات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ہائی کمشنر نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہا تے ہوئے کہا کہ ہائی کمیشن وفود کے تبادلوں کے لیے چیمبر کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گا۔اس موقع پر صدر چیمبر ناصر مرزا نے ہائی کمشنر کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صدر چیمبر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی شعبوں خاص طور پر، کنسٹرکشن، سیاحت، تعلیم، جیمز ینڈ جیولری ، ماربل،اور فارم کے شعبے میں باہمی تعاون کے کئی مواقع موجود ہیں۔ چیمبر آف کامرس کی سطح پر باہمی تعلقات مزید مستحکم کئے جا سکتے ہیں۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے وفد کی سری لنکا ہائی کمشنرسے ملاقات
Apr 22, 2021