لاہور چیمبر آف کامرس کاپولیس ڈیپارٹمنٹ کوماسک، سینیٹائزرز اور ٹمپریچر گنز کا عطیہ 

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ماسک، سینیٹائزرز اور ٹمپریچر گنز کا عطیہ دیا ہے جو لاہور چیمبر کی ان کاوشوں کاحصہ ہے جو وہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کررہا ہے۔ یہ عطیہ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے لاہور چیمبر میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے حوالے کیا۔ سی سی پی او نے کہا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ایک کو تعاون اور اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا جلد ہی لاہور چیمبر میں ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹر قائم کیا جائے گا، تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ لیول پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپوں کے انسداد کے لیے یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ لاہور چیمبر پہلے دن سے ہی پوری طرح فعال اور کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کررہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کرونا کی وجہ سے پہلے ہی صنعت و تجارت کی بھاری مالی نقصان جبکہ ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، ملک مزید تباہی کا متحمل نہیں ہوسکتا لہذا سب کو متحرک ہونا ہوگا۔ سی ٹی او سید حماد عابد، لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چودھری، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شاہد نذیر، ذیشان سہیل ملک، حاجی محمد آصف سحر، ملک ریاض اقبال، مردان علی زیدی ،سابق ایگزیکٹو کمیٹی اراکین محمد ہارون اروڑہ اور محمد یوسف شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن