ماحولیاتی تغیر سے نبردآزما ہونے کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات

Apr 22, 2021

صحت مند اور خوبصورت ماحول ہر ذی روح کی افزائش اور پھلنے پھولنے کے لیے سازگار ہے۔یہ نہ صرف انسانی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے بلکہ ماحول میں رہنے والے تمام جانداروں کے پروان چڑھنے کے لیے ایک اہم جزو ہے۔ اچھا ماحول نہ صرف ذہنی آسودگی کا باعث ہوتا ہے بلکہ آپ کو مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ان تمام عناصر کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ نے ماحول کے تحفظ اور اس کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سے اہم اور قابلِ ذکر اقدامات میں شجرکاری مہم ہے۔ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ نے ملک گیر شجرکاری مہم کا آغاز کیا، جس کے تحت اب تک لاکھوں پودے لگائے جاچکے ہیں۔ رواں سال بھی پاک بحریہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں متعدد پودے لگانے کا بیڑاٹھایا ہے۔  اس مہم کا بنیادی مقصد گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت مند ماحول کا فروغ اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔علاوہ ازیں ماحولیاتی تغیر کا سبب بننے والے دیگر عناصر سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ مختلف جہتوں اور سمت میں ایک جامع انداز میں کوشش کر رہی ہے۔ جیسے پلاسٹک کی وجہ سے پیدا ہونے والی آلودگی اور ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لیے پاک بحریہ نے اپنے رہائشی علاقوں میں موجود مارکیٹوں میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور کپڑے یا کاغذ کے تھیلوں کے استعمال کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ گاربیج بنزبھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ گندگی سے پاک ماحول کو یقینی بنایا جائے اور لوگوں میں آگہی پیدا کی جائے کہ ماحول کی صفائی اور اس کے تحفظ میں ان کا کردار کس قدر اہم ہے۔ سولڈ ویسٹ کو تلف کرنے کے لیے بھی پاک بحریہ کے ڈاکیارڈ میں باقاعدہ ایک طریقہ رائج ہے جہاں باقاعدگی سے پاک بحریہ کے جہازوں اور دیگر پلیٹ فارمز کے فضلہ کو حب ڈسپوزل پوائنٹ میں لے جا کر تلف کیا جاتاہے۔ کراچی میں سیوریج کے پانی کو ٹھکانے لگانا موجودہ ڈرینچ سسٹم میں کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں،مگر سیوریج کے پانی کو بھی دوبارہ کارآمد بنانے کے لیے پاک بحریہ کی مختلف تنصیبات میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس تعمیر کیے جا چکے ہیں تاکہ اس پانی کو کار آمد بنایا جائے اور گرین بیلٹس کی آبیاری اور دیگر امور کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ ریڈبیڈ کے آسان اور سہل طریقہ کار کو رائج کرنے سے تقریبا تین لاکھ گیلن سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کرکے ماحول کی بہتری اور water management کے فروغ کو یقینی بنانے کا سہرا بھی پاک بحریہ کو جاتا ہے۔مزید برآں پاک بحریہ لوگوں میں صاف ماحول اور اس سے جڑے دیگر عوامل کے تحفظ اور بقا کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔ ہر سال پانچ جون کو پاک بحریہ ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے مناتی ہے جس کے تحت پاک بحریہ کے زیر انتظام تمام تنصیبات،سکولوں اور کالجوں میں مختلف سرگرمیوں جیسے کہ بیچ کلیننگ، تقریری مقابلے اور آگاہی سے متعلق لیکچرز کا انعقاد کیا جاتاہے۔ پاک بحریہ ماحول کی بقا کے ساتھ ساتھ سمندروں کے تحفظ کے محاذ پر بھی کمر بستہ ہیاور سمندروں میں بڑھتی ہوئی آلودگی جو ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے انتہائی اہم ہے کے حوالے سے آگہی اجاگر کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ 26 ستمبر کو ورلڈ میری ٹائم ڈے اور8 جون کو ورلڈ اوشن ڈے منانے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ مختلف ماحولیاتی اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مینگروز کی شجرکاری میں بھی بہت فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ اور اب تک ساحلی پٹی اور کر یکس کے علاقوں می سات لاکھ سے زائد مینگروز کی شجر کاری بھی کی جاچکی ہے۔ سمندری ماحول کی بقا نہ صرف ہماری معیشت کے فروغ بلکہ گلوبل وارمنگ کے تدارک کے لیے بھی ناگزیرہے۔ سمندر میں سیوریج کے ساتھ ساتھ انڈسٹریل ویسٹ کا اخراج خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ جو نہ صرف ماحولیاتی تغیر بلکہ سمندری حیات کے لیے حد درجہ خطرناک ہے۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ مختلف مکتبہ فکر اور اسکالرز کے ساتھ مل کر میری ٹائم سیکٹر اور میرین ایکولوجی کی بقا کے لیے کانفرنسوں اور ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے۔ پاک بحریہ باقاعدگی کے ساتھ چیلنجز اور ہاربر کی صفائی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں تاکہ پاک بحریہ کے جہازوں کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی صاف اور آلودگی سے پاک رکھا جاسکے۔پاک بحر یہ حکومتی پالیسی کے تحت سر سبز و شاداب پاکستان کے فروغ کیلیئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ پاک بحریہ نے ہمیشہ ہر مہاذ پر قومی خدمت کے جذبے اور عرضِ پاک کی بقاکو یقینی بنانے کے لیے ہراول دستے کا کردار اداکیا ہے۔

مزیدخبریں