شوگر سکینڈل: صوبائی وزیر اسلم اقبال اور پی ٹی آئی رہنما سمیع چودھری نیب طلب

لاہور‘ اسلام آباد (کامرس رپورٹر + نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے شوگر سیکنڈل میں دو بڑی حکومتی شخصیات کو طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے صوبائی وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال اور سابق صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کو 4مئی کو طلب کیا ہے۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر میاں اسلم سے تفتیش کرے گی، انہیں 2018 تا 2019 شوگر پر سبسڈی کا ریکارڈ بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں اسلم سے ایکسپورٹ کا اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے، نیب نے پنجاب میں شوگر ملوں کو دی جانے والی سبسڈی کا ریکارڈ بھی مانگ لیا ہے۔واضح رہے کہ نیب شوگر اسکینڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کر رہا ہے۔ لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ نیب راولپنڈی کی طرف سے مجھے شوگر سکینڈل میں طلبی کا کوئی نوٹس نہیں ملا۔ اگر نیب کا کوئی نوٹس ملا تو ضرور وضاحت دونگا۔

ای پیپر دی نیشن