مذاہب کے درمیان باہمی احترام وقت کی اہم ضرورت ہے،نور الحق قادری  

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر مذہبی امورنور الحق قادری نے کہا ہے کہ مذاہب کے درمیان باہمی احترام اوربھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بدھ مت اور اسلامی تعلیمات امن و آتشی کا درس دیتے ہیں۔ پاکستان میں بدھ مت کے مقدس مقامات پر مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے۔ وہ بدھ کو وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں سری لنکا سے آئے بدھ مونک کے 14رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزارت کے پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور آفتاب جہانگیر، پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور شہنیلا روت، قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین چیلا رام کیولانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جس طرح ہم نے بھارتی سکھوں کیلئے کرتارپور راہداری کھولی ہے اسی سری لنکن بھائیوں کیلئے بودھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولنا چاہتے ہیں ۔ پارلیمانی سیکرٹری شہنیلا روت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ سری لنکا ہمارا اہم دوست ملک ہے۔ بودھ وفد کے سربراہ ڈاکٹر اساجی تھیرو اور دیگر نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستی کو لازوال قرار دیا اور کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ ٹیکسلا میں گندھارا یونیورسٹی کا کردار اس سلسلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن سری لنکا کی سیکنڈ سیکرٹری عائشہ ابو بکر نے کہا کہ ٹیکسلا میں موجود گندھارا تہذیب ، بودھ مت کے عظیم پیشواوں کے مجسمے، نودرات اور سٹون ورک کے ہنر کو دنیا میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے ۔

ای پیپر دی نیشن