پرویز الٰہی کی ہدایات پر پنجاب اسمبلی کے سالانہ بجٹ  سے 37 کروڑ 69 لاکھ کی بچت 

Apr 22, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کی فنانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے مالی سال 2021-22 کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، فنانس کمیٹی کے ارکان مظفر علی شیخ، شجاعت نواز، رئیس نبیل احمد، کاشف محمود، میاں شفیع محمد، میاں طارق عبداللہ، راجہ یاور کمال خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کرونا کی تیسری لہر میں خطرناک حد تک شدت آنے اور تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر تعلیمی ادارے اور تعلیمی اکیڈمیز بند کر دینی چاہئیں۔ بچوں میں کرونا بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جب تک کرونا کے کیسز میں کمی نہیں آ جاتی سکولوں، کالجوں اور پرائیویٹ اکیڈمیز کو بند رکھا جائے اور ایسا مانیٹرنگ سسٹم بنایا جائے  اس وقت دنیا بھر میں آن لائن کلاسز کے ذریعے امتحان لیے جارہے ہیں، ہمیں بھی  ایسا لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ فنانس کمیٹی کو بتایا گیا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے مالی سال 2020-21 کے سالانہ بجٹ میں سے 37 کروڑ 69 لاکھ 13 ہزار روپے کی بچت کی۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکے ٹی اے ڈی اے اور میڈیکل چارجز میں سے 34 لاکھ 50 ہزار روپے، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں، میڈیکل چارجز اور الائونسز میں سے 10 کروڑ 61 لاکھ روپے اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے آپریٹنگ اخراجا، تنخواہوں اور الائونسز بل بجلی، گیس اور پٹرول میں سے 26 کروڑ 72 لاکھ 68 ہزار روپے کی بچت کی گئی ہے۔ 

مزیدخبریں