شاہد خاقان کو جوتا مارنے والی بات پر نوٹس، 7 روز میں معذرت کریں: سپیکر اسد قیصر

Apr 22, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نون لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کی جوتا مارنے والی بات کا نوٹس لیتے ہوئے خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان 7دن میں معذرت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں۔ رکن قومی اسمبلی کو اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 21کے تحت لیٹر جاری کیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو ایوان میں مسلسل صدر مجلس نشین کی ہدایات کو نظرانداز کرنے خصوصاً20 اپریل کو غیر پارلیمانی رویہ اختیار کرنے پر یہ لیٹر جاری کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی کو خط لکھ دیا گیا ہے جس کے متن میں ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط کے متن میں تحریر ہے کہ شاہد خاقان کے طرز عمل سے اسمبلی کارروائی آسانی سے چلانے میں رکاوٹ ہوئی، انہوں نے اپنے طرز عمل سے قومی اسمبلی کی کارروائی میں خلل پیدا کیا ہے۔ متن میں تحریر ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے سپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا ہے۔ مقررہ وقت میں جواب نہ دینے پر تصور ہوگا کہ شاہد خاقان عباسی کو دفاع میں کچھ نہیں کہنا ہے۔

مزیدخبریں