وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لے لیا

Apr 22, 2021 | 11:35

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 

وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ہر پہلو سے اس دھماکے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان رات گئے تک معاملات کی نگرانی بھی خود کرتے رہے۔

گزشتہ روز کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 5 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 15 افراد زیر علاج ہیں۔ جس میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی۔

خلیجی اخبار نے ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹرارباب کامران کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمیوں میں دو اسسٹنٹ کمشنرز بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک آواز سنی گئی جبکہ جائے وقوع پر دھواں اٹھتا ہوا بھی دیکھا گیا۔

ڈی آئی جی پولیس اظہر اکرام نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے میں 40 سے 50 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ کار علاقے میں داخل ہوتے ہی دھماکہ ہو گیا۔

مزیدخبریں