4 برس میں584ار ب کی خطیر رقم وصول کی: نیب 


اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نے کہا ہے کہ گزشتہ 4سالوں میں وصولی کی مد میں 584 ارب کی خطیر رقم وصول کی گئی۔ ترجمان نیب کے مطابق قومی احتساب بیورو اس بے بنیاد اور شرانگیز خبر کی پرزور مذمت اور تردید کرتا ہے کہ گزشتہ 4سالوں میں 18 ارب کا خرچہ اور وصولی صفر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ گزشتہ 4سالوں میں وصولی کی مد میں 584 ارب کی خطیر رقم وصول کی گئی۔ مزید برآں ہائوسنگ سوسائٹیز اور دیگر دھوکہ دہی سے متاثرہ 177408 افراد میں 26  ارب سے زیادہ رقوم تقسیم کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ حکومتوں اور اداروں کو انتہائی معقول رقومات کی ادائیگی کی تفصیلات مذکورہ دفتر میں موجود ہے۔ جمعرات کو جاری کئے گئے وضاحتی بیان کے مطابق نیب نے ایک بڑی ہائوسنگ سوسائٹی کے مالکان سے 460 ارب کی بلاواسطہ ریکوری اور لندن سے 140 ملین پائونڈ کی ریکوری بھی نیب کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ اس طرح کی بے بنیاد خبروں کی اشاعت کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ایسے پراپیگنڈا کا خاتمہ کیا جا سکے۔ مزید برآں نیب اپنے تمام حساب اور اخراجات کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے توسط سے جون 2021ء تک کروا چکا ہے اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے ساتھ ریکوریز کے ضمن میں اپنا مئوقف بطریق احسن پیش کر چکا ہے۔ تمام تر بڑے ملزموں کے مقدمات ٹرائل کورٹ یا اپیلیٹ کورٹس میں زیر سماعت ہیں۔ اب تک 1405ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جا چکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن