ملکی ترقی موروثی سیاست کے خاتمہ سے ممکن ‘ راحیلہ ٹوانہ


کراچی(سٹی نیوز)پاکستان کی 64 فیصد نوجوان آبادی کی ابھرتی ہوئی نمائندہ سیاسی جماعت پاکستان نیشنل فرنٹ (پی این ایف) کی کور کمیٹی کے وفد نے معروف سیاستدان، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی محترمہ راحیلہ ٹوانہ سے ان کی رہائش گاہ پہ ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان میں حالیہ سیاسی تبدیلیوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنگین بحران پہ اپنے تحفظات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ بحیثیت سیاسی تنظیم بھرپور کردار ادا کرنے پہ غور وفکر کرنا تھا۔ محترمہ راحیلہ ٹوانہ نے ملکی صورتحال اور اس کے تدارک کے معاملے پہ پاکستان نیشنل فرنٹ (پی این ایف) کے موقف اور مقاصد سے اتفاق کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ باشعور، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باکردار نوجوان قیادت کے ذریعے پچھلی کئی دہائیوں سے جاری موروثی، بے عمل اور کرپشن زدہ سیاست کی حوصلہ شکنی ہوگی اور پاکستان کے تمام شہری و دیہی علاقوں سے نوجوان اس سیاسی عمل کا حصہ بنیں گے۔ محترمہ راحیلہ ٹوانہ نے مقتدر حلقوں سے پاکستانی سیاسی بحران اور خاص کر ملکی سلامتی اور دفاعی معاملات پہ نہایت سمجھداری کے ساتھ اقدامات اٹھانے پہ زور دیا۔ ملاقات میں پی این ایف کے چیئرمین انصب رضا فاطمی، وائس چیئرپرسن ڈاکٹر سدرہ احمد، سینئر وائس چیئرمین نوید اختر، کوآرڈی نیٹر سیکریٹری ڈاکٹر طوبیٰ شفق اور ہم پاکستان کے( سی۔ای۔او) آصف رفیق شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن