کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ضیاء الدین یونیورسٹی کلفٹن میں دو نئے تعمیر شدہ مصنوعی ٹینس کورٹس کا افتتاح کردیا گیا‘ اس موقع پر فلڈ لائٹ مینز سنگلز ایونٹ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ مینز سنگلز کا فائنل ضیا الدین یونیورسٹی کے محمد دادا نے جیتا جنہوں نے پاک بحریہ کے عقیل شبیر کو 8-4 سے شکست دی جبکہ عقیل شبیر اور حسنین خرم کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا۔یونیورسٹی کے شعبہ کھیل کے سربراہ ڈاکٹر الماس استقبالیہ کلمات میں کراچی ٹینس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جلد مقامی اور قومی ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں گے۔محمد خالد رحمانی نے ٹینس کورٹس کے معیار سے آگاہ کیا اور ان کی ٹینس سرگرمیوں کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اتنی شاندار سہولت کے ساتھ ہم مستقبل میں ضیا الدین یونیورسٹی سے ٹینس کے بہترین کھلاڑی حاصل کریں گے۔احمد علی راجپوت نے یونیورسٹی کو مبارکباد دی اور کہا کہ SOA یونیورسٹی میں تمام کھیلوں کے لیے اپنی تکنیکی مدد کی پیشکش کرتا ہے۔ارم بخاری، غلام یسین، سرور حسین، عشرت زہرہ اور سکینہ ظفر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔