خادم پاکستان کا  شہریوں کیلئے میٹروبس کا تحفہ 

Apr 22, 2022


اسلام آباد ایئر پورٹ سے بیرون ملک جانے والے ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے مسافر وں کو ایک طرف ہوٹل میں بھاری اخراجات کرنا پڑتے تھے تو دوسری جانب اسلام آباد سے اسلام ایئر پورٹ تک ٹیکسی ڈرائیور کئی ہزار  مانگتے تھے جس کی وجہ سے لوگ لیٹ ہونے اور فلائٹ مس ہونے کی وجہ سے پیسے دینے پر مجبور تھے لیکن وزیراعظم  میاں محمد شہباز شریف نے یہ مسئلہ حل کر دیا کیونکہ اب لوگ تیس روپے میں ایئر پورٹ پہنچ سکتے ہیں اور ان کے ہزاروں روپے بچ سکتے ہیں بلکہ اب خاندان کے وہ لوگ بھی ایئر پورٹ رخصت کرنے والے کے ساتھ جا سکتے ہیں کیونکہ صرف تیس روپے پر فی کس میٹرو بس پر کوئی بھی سفر کر سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد کے پشاور موڑ سے ایئر پورٹ تک میٹرو بس سروس پر عوام کا رد عمل پنڈی ،ملتان ،پشاور اور لاہور میٹرو سے زیادہ مثبت آرہا ہے ۔عام آدمی کو سفر کی انتہائی برق رفتار ،آرام دہ اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی اور ملتان میٹرو کے بعد سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2017ء میں پشاور موڑ تا اسلام آباد نیوز انٹرنیشنل ایئر پورٹ تک میٹرو بس کا سنگ بنیاد رکھا تھا جس سے اسلام آباد کے گردونواح کے لوگوں کو سفر کی جدید سہولیات میسر آنی تھیں ۔دنیا بھر میں میٹرو بس سروس کو پسند کیا جاتا ہے کہ انتہائی قلیل وقت میں مسافروں کو اپنی منزل مقصود تک پہنچاتی ہے ۔میٹرو بس میں مزدور،طلبہ،بزرگ شہری ،بچے ،سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین او ر خواتین سمیت عام لوگ بلا رکاوٹ آرام دہ سفر کرتے ہیں ۔پشاور موڑ تا نیو ااسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ تک میٹرو بس کا منصوبہ بھی تحریک انصاف حکومت نے چار سال تاخیر کا شکار کر دیا کیونکہ مذکورہ منصوبے کا سنگ بنیاد 2017ء میں رکھا گیا تھا ۔2018ء میں اسے مکمل ہونا تھا لیکن تحریک انصاف حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ملک میں دیگر منصوبوں کی طرح اس منصوبے کو بھی تاخیر کا شکار کیاگیا او ر چار سال عوام کو جدید سفری سہولیات سے محروم رکھا گیا ۔خادم پاکستان شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد صبح سویرے سات بجے میٹرو بس کے سائٹ پشاور میٹرو بس موڑ پہنچ گئے اور تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور بریفنگ کے بعد اعلان کیا کہ پانچ دن کے اندر میٹرو بس سروس عوام کے لئے کھول دی جائے گی کیونکہ خادم پاکستان محمد شہباز شریف کا یہ ٹریک ریکارڈ ہے کہ وہ جو بات کرتے ہیں وہ پوری کر کے دکھاتے ہیں ۔پشاورموڑ تا اسلام آبادنیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ میٹرو بس کا افتتاح پانچ دن کے بعد خادم پاکستان نے کر دیا اور خود میٹرو بس میں سفر بھی کیا ۔میٹرو بس کا کرایہ تیس روپے مقرر کیا گیا ہے ۔روزانہ پچاس ہزار مسافروں کو سفر کی سہولیات میسر ہوں گی اور رمضان المبارک میں عوام مفت سفر کرسکیں گے ۔تیس کلو میٹر طویل دورایہ میٹرو ٹریک جس میں سات میٹرو اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں ۔جی نائن میٹرو سٹیشن،این ایچ اے میٹرو اسٹیشن،جی ٹین میٹرو اسٹیشن،پولیس لائن میٹرو اسٹیشن،نیسٹ یونیورسٹی میٹرو اسٹیشن،گولڑہ میٹرو اسٹیشن او ر ایم فائیو میٹر و اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں ۔میٹرو بس دنیا بھر سے آنے جانے والے مسافروں کے لئے محمد نواز شریف اور خادم پاکستان  کا تحفہ ہے ۔قارئین جب اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی کا دورہ کیا تھا اور استنبول میں میٹرو بس میں سفر کیا انہیں یہ منصوبہ بے حد پسند آیا اور ترکی حکومت کے تعاون سے لاہور میٹرو بس منصوبہ مکمل کیا ۔اس کے بعد اسلام آباد راولپنڈی اور بعد میں ملتان اور اب اسلام آباد نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ تک میٹرو بس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ۔

مزیدخبریں