لاہور(یواین پی) پاکستان کو اگست میں نیدرلینڈز پر ہاتھ صاف کرنے کا موقع ملے گا۔آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین دو طرفہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جولائی 2020 میں ہونا تھی مگر کورونا کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا، اب نیا شیڈول جاری کیا گیا۔تینوں میچ روٹرڈیم کے وی او سی کرکٹ گراؤنڈ میں 16، 18 اور 21 اگست کو کھیلے جائینگے، اس سے قبل دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2003 میں مدمقابل آئی تھیں،جب گرین شرٹس نے 97رنز سے آسان فتح سمیٹی تھی۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کہا کہ میزبان بورڈ کے تعاون سے سیریز کا ری شیڈول ہونا خوش آئند ہے۔، میچز نیدرلینڈز میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا سیزن 2021-22شاندار رہا، ہم ْپر اعتماد ہیں کہ قومی کرکٹرز بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے میزبان ملک کے شائقین کو بہترین تفریح فراہم کریں گے۔