کیف (نوائے وقت رپورٹ) یوکرائن جنگ میں شریک روس کے ایک لڑاکا طیارے نے غلطی سے اپنے ہی شہر پر بمباری کر دی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیارے کے پائلٹ نے غلطی سے یوکرائن کی سرحد کے قریب بیلگو روڈ شہر کے مرکز پر بمباری کر دی۔ طیارے سے بم خوش قسمتی سے رہائشی عمارت کے نزدیک ایک سنسان سڑک پر گرا۔ بم گرنے کی جگہ پر 60 فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا اور رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بمباری میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کا ایک بلاک مخدوش ہو گیا جسے کسی نقصان کے پیش نظر خالی کرا لیا گیا۔ رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ تاحال جانی نقصان کی اطلاع نہیں البتہ تین افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
روس کے جنگی طیارے نے غلطی سے اپنے ہی شہر پر بم گرادیئے
Apr 22, 2023