اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سرکاری چھٹی کے روز بھی وزیراعظم شہبازشریف کی لاہور میں بھرپور سیاسی مصروفیات جاری رہیں۔ شہباز شریف سے ماڈل ٹاو¿ن میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور قانونی ماہرین نے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ دوران ملاقات وزیراعظم نے لیگی رہنماو¿ں، قانونی ماہرین سے ملکی سیاسی و آئینی صورتحال اور ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے کیس سے متعلق تفصیلی مشاورت کی۔ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں میں خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان اور لیگی رہنما شزا فاطمہ، سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان شامل تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کے حوالے سے کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اپنا 14 مئی کا فیصلہ واپس نہیں لیں گے، عدالتی فیصلہ واپس لینا مذاق نہیں ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپریم کورٹ میں زیرسماعت کیس سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔