بھارت ایشیا کپ کے میچز نیوٹرل پاکستان اپنی سر زمین پر کھیلے : نجم سیٹھی

Apr 22, 2023

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہاہے کہ ہمیں نیوٹرل وینیو پر ایشیا کپ کھیلنے کے مشورے دیے جارہے ہیں۔ پاکستان نے تجویز پیش کی ہے کہ بھارت اپنے ایشیا کپ کے میچ نیوٹرل مقام پر کھیلے جبکہ پاکستانی ٹیم دوسری ٹیموں کیساتھ پاکستان ہی میں کھیلے گی۔ یہ تجویز ایشین کرکٹ کونسل کو بھیج دی گئی ہے۔ ہم نے اس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان اپنے میچ ہوم گرائونڈز پر کھیلے گا جبکہ بھارت اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے۔ نجم سیٹھی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ماہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے شنگھائی کو آپریشن آرگنائزیشن میں شرکت کیلئے بھارت کے دورے سے دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئیگی۔ ہم سے کہا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ تعلقات پر جمی برف پگھلتی رہی اور اگر ایسا ہوتا ہے تو بھارت پاکستان میں 2025 ء میں ہونیو الی چیمپیئنز ٹرافی میں کھیلنے پر غور کریگا۔ چنانچہ ہم سے کہا جارہا ہے کہ ہم ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں اور ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھارت بھی جائیں۔ پاکستانی عوام چاہتے ہیں کہ بھارت کیساتھ کرکٹ میچ برابری کی بنیاد پر کھیلے جائیں۔ حکومت نے بھارت کیخلاف کھیلنے کے حوالے سے کوئی پابندیاں نہیں لگائیں، مگر عوامی جذبات اس وقت یہ ہیں کہ ہم ضرورت مند نہیں ہیں، ہم مالی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکتے ہیں اور بھارت کیساتھ عزت و وقار کیساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ہم اس سلسلے میں ایشین کرکٹ کونسل سے بھی مذاکرات کررہے ہیں۔

مزیدخبریں