نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کی تیاری چیلنج: سلمان علی آغا

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم میں شامل مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے تیاری چیلنج رہا ہے ۔انہوں نے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ روزوں اور گرم موسم کی وجہ سے ٹف کنڈیشنز کا چیلنج رہا ہے لیکن ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں چیلنج کو قبول کیا اور اچھی تیاری کی۔ون ڈے کرکٹ میں وقفہ آجاتا ہے اور اسی لیے ہمیں ہر وقت خود کو تیار رکھنا پڑتا ہے، ون ڈے کرکٹ میں وقفہ آنا یا کم ہونا ہمارے کنٹرول میں نہیں لیکن چونکہ ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں اس لیے ہر وقت کوشش کرنا پڑتی ہے اور تیار رہنا پڑتا ہے، مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن ٹریننگ میں وقفہ نہیں آنے دیتے۔سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک ایک ون ڈے میچ کو ورلڈکپ کی تیاری کے طورپر لینا ہے، ورلڈکپ سے قبل جتنے میچز ملیں ان سے فائدہ اٹھانا ہے،نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچز اہم ہیں، پھر افغانستان کیخلاف سیریز کے تین ون ڈے میچز اور پھر ایشیاکپ جو کہ ون ڈے فارمیٹ پر ہونا ہے، اس سے اچھی تیاری ہوگی۔ وائٹ بال یا ریڈ بال کرکٹ ہو میں ایک ہی طرح لیتا ہوں، میں اسے صرف کٹ اور بال کی تبدیلی ہی سمجھتا ہوں، میرے لیے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں کیونکہ کرکٹ کی بنیاد تو ایک جیسی ہی رہتی ہے اور آپ اسی کے مطابق کھیلتے ہیں، میری کوشش ہوتی ہے کہ چیزوں کو زیادہ سے زیادہ سادہ رکھوں ،جس طرح ون ڈے کھیلتا ہوں اسی طرح ٹی ٹونٹی کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں اور پھر ٹیسٹ کرکٹ کے فارمیٹ میں بھی اسی طرح ایڈ جسٹ کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن