چیمپئنز ٹرافی سے قبل گراؤنڈز بہتر کرینگے: محسن نقوی

Apr 22, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی فاسٹ بائولر احسان اللہ کی انجری کی تشخیص میں غفلت برتنے کے معاملے پر ذمے داروں کے تعین کیلئے پی سی بی نے میڈیکل بورڈ بنا دیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بائولر احسان اللہ جو کہنی کی انجری کا شکار ہونے کے بعد کرکٹ کے میدانوں سے دور ہیں اور علاج کیلئے لندن پہنچ چکے ہیں ان کی انجری میں غلط تشخیص نے ان کا کرکٹ مستقبل دائو پر لگ گیا جس کی تحقیقات اور ذمے داروں کے تعین کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک آزاد میڈیکل بورڈ بنا دیا ہے۔اس میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر رانا دل آویز اور ڈاکٹر ممریز نقشبند شامل ہیں۔یہ تین رکنی میڈیکل بورڈ احسان اللہ کی انجری کا جائزہ لے گا اس کے علاوہ علاج میں بھی معاونت کرے گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ میں انجرڈ کھلاڑیوں کے علاج کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں، کرکٹراحسان اللہ کو علاج کیلئے امریکہ بھی بھیجنا پڑا تو بھیجیں گے۔ احسان اللہ کا علاج جس طرح ہونا چاہیے تھا نہیں ہوا، احسان اللہ پی سی بی کے خرچے پر لندن میں موجود ہے۔ہمارے لیے ہر کھلاڑی اہمیت کا حامل ہے، ہمارا بنیادی مقصد ٹیم میں نمبر پورا کرنا نہیں بلکہ ہم نے یہاں سے کریم نکال کر آگے لے کر جانی ہے۔ سیریز میں اعظم خان بھی نہیں کھیل سکیں گے لیکن آئندہ سیریز میں کوشش ہوگی کہ اعظم خان ٹیم کیلئے کھیلے، چیمپئنز ٹرافی سے پہلے گراؤنڈز کے تعمیراتی کام کو بہتر کریں گے۔سٹیڈیم کی ایکسپرٹیز پاکستانی کمپنیز کی نہیں ہے،ہم نے اشتہار دیدیا ہے،انٹرنیشنل کمپنیز سے رابطہ کیا ہے۔ ہیڈ کوچ کیلئے ہماری ٹیم انٹرویوز کررہی ہے،سلیکشن کمیٹی وائس کپتان کیلئے بھی مشاورت کررہی ہے،سلیکشن کمیٹی کے 7ممبرز کی وائس کپتان کیلئے گفتگو چل رہی ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا۔محسن نقوی نے کرکٹ بال کھیل کر ملک بھر میں انٹر کلب ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ محسن نقوی کا ماڈل ٹاؤن جم خانہ اور بوستان جم خانہ کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ماڈل ٹاؤن جم خانہ اور بوستان جم خانہ کے درمیان افتتاحی میچ ماڈل ٹاؤن جم خانہ نے جیت لیا۔محسن نقوی نے کہا کہ انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان بھر میں شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان کے 101 اضلاع میں تقریبا 3300 کلبز ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔کلب میچوں میں 65000 نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔انٹر کلب ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 7200 میچ کھیلے جائیں گے۔صرف نمبرز پورے کرنا مقصد نہیں بلکہ ینگ ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ انٹر کلب ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو آگے موقع دیا جائیگا۔لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم‘ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی عبداللہ خرم نیازی‘ سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیا ء اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں