لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کو برآمدات کے فروغ اور صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے 14نکات پر مشتمل سفارشات ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا روایتی حریف دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھے جانیوالی ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کی برآمدات کو متاثر کرنے کی حکمت عملی کے تحت مراعات اور ریلیف دے رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف کی جانب سے وزارت تجارت اور ٹڈیپ کو ارسال کی گئی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین ہالینڈ، بیلجیم، ترکیہ ،مشرقی یورپ، ایشیائی خطے کے عرب ممالک ،میکسکو ، روس کی مارکیٹوں کیلئے ڈیوٹی ٹیرف میں کمی ،فضائی اور سمندر کے راستے بین الاقوامی فریٹ چارجز میں سبسڈی دی جائے۔