لاہور(نیوز رپورٹر)اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام علامہ محمد اقبال کے 86ویں یوم وفات کے سلسلے میں ’’قومی تعمیر نو فکر اقبال کی روشنی میں‘‘ کے عنوان سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت سابق سینیٹر و ہیئت حاکمہ اقبال اکادمی پاکستان ولید اقبال نے کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر عطیہ سید تھیں۔ کلمات تشکر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤ ف رفیقی نے پیش کیے۔ مہمان مقرر ین میں ڈاکٹر ابصار احمد ، ڈاکٹر زاہد منیر عامرودیگرتھے۔ نقابت کے فرائض زید حسین نے انجام دئیے۔ مقابلوں میں ملک بھر سے تعلیمی اداروں کی طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ سابق سینیٹرولید اقبال نے کہا کہ اقبال نے خود اپنے خواب کو حقیقت بنتے نہیں دیکھا مگر انہیں یقین کامل تھا کہ آزادی اور مملکت خداداد لازم وملزوم ہیں ۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہم نے اس مقصد عظیم کو حاصل کرنے میں اور تعمیر نو کی خاطر کیا کردار ادا کیا تو اس کا جواب تلاش کرنا ہوگا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر عطیہ سید کا کہنا تھا کہ اقبال جہاں ایک طرف فلسفی با مفکر ہیں وہاں دوسری طرف فنکارانہ شاہکار تخلیق کرنے میں اپنا جواب آپ ہیں۔دیگر مہمان مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی فکر سے ہم آہنگ ہو کر ملت اسلامیہ آبرومندانہ زندگی گزار سکتی ہے۔