مقبوضہ کشمیر: بھارت کشمیریوں کی خاموشی کو رضامندی نہ سمجھے، پارلیمانی انتخابات ریفرنڈم ہیں: رہنما پیپلز ڈیمو کریٹک

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما وحید پرہ نے کہا ہے کہ  کشمیری عوام خاموش ہیں لیکن نئی دہلی سے خوش نہیں ہیں اورپارلیمانی انتخابات کو کسی ریفرنڈم سے کم نہیں سمجھنا چاہیے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وحید پرہ نے جوپارلیمانی انتخابات میںسرینگر حلقے سے پی ڈی پی کے امیدوار بھی ہیں، ایک جلسے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر کے لوگوں کو بالخصوص اور کشمیر کے لوگوں کو بالعموم اس الیکشن کو ریفرنڈم سے کم نہیں سمجھنا چاہیے۔پی ڈی پی لیڈر نے کہاکہ بھارت کو کشمیریوں کی خاموشی کو ان کی رضامندی نہیں سمجھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لوگ خاموش ہیں جبکہ نوجوان نسل کو اپنا مستقبل غیر یقینی دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگ خوفزدہ ہیں اور انہیں کچھ معلوم نہیں کہ کیا ہورہا ہے۔وحید پرہ نے کہاکہ لوگوں کو یہ بتانا ہوگا کہ ان کے وسائل اور ان کی شناخت خطرے میں ہے۔ اس کے لیے ہمیں پارلیمنٹ سے یقین دہانی حاصل کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف 5اگست 2019ء کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے تنازعہ کشمیر کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہزاروں لوگوں کو کھو چکے ہیں جبکہ ہزاروں جیلوں میں نظربند ہیں۔

ای پیپر دی نیشن