لاہور(سپورٹس رپورٹر)پانچ میچز کی سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے پانچ میچز کی سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کیوی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر میزبان پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں پر 178 رنز بنائے۔شاداب خان نے 41، بابر اعظم نے 37، صائم ایوب نے 32 رنز بنائے۔محمد رضوان 23 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ عرفان خان 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ایش سوڈھی نے 2 اور بریس ویل اور جیکب ڈفی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔مہمان نیوزی لینڈ نے 179 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مارک چیپمین نے 42 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی‘ اننگز میں 4 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ ڈین فوکس کرافٹ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹم رابنسن نے 28 اور ٹم سیفرٹ نے 21 رنز بنائے۔ عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔مارک چیپمین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ عباس آفریدی کو شامل کیا گیا ۔دونوںٹیموںکے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 25اپریل کو لاہور میں کھیلا جائیگا۔