گجرات (نامہ نگار) گجرا ت پی پی 32 کے ضمنی الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے عوام کی جانب سے 168پولنگ سٹیشنوں میں سے بیشتر پر عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پولنگ ایجنٹ اور پولنگ عملہ دن 1بجے تک ووٹرز کا انتظار کرتا رہا۔ 70 فیصد سے زائد پولنگ سٹیشنوں پر دوپہر تک 100سے زائد ووٹ کاسٹ نہ ہو سکے۔ ووٹنگ کا وقت ختم ہونے سے دو گھنٹے قبل لوگوں نے گھروں سے نکل کر پولنگ سٹیشنوں کا رخ کیا تاہم دوسری جانب اس مرتبہ پولنگ سٹیشنوں کے باہر امیدواروں کی جانب سے نہ تو پولنگ کیمپ لگائے گئے اور نہ ہی ووٹ کے حصول کیلئے انہیں گھروں سے پولنگ سٹیشن لانے اور واپس لیجانے کیلئے کسی قسم کی ٹرانسپورٹ فراہم کی گئی۔ پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے حوالے سے انتہائی سخت ترین انتظامات کر کے اندر باہر پولیس، ایلیٹ فورس، پٹرولنگ پولیس کے جوان تعینات کیے گئے جبکہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ریسیکو 1122کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔