اسلام آباد( خبرنگار خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے عوام نے نفرت و انتشار کی سیاست اور پی ٹی آئی کا جھوٹا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ(ن) پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں، واضح برتری ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ اتوار کو ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور عوامی اعتماد کا اظہار ہیں، آج ثابت ہو گیا مسلم لیگ (ن) کی پالیسیاں عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں معاشی اصلاحات سے عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی، آج معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، حکومت نے مہنگائی میں کمی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے، حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ معاشی مسائل کے حل کے ذریعے جن پالیسیوں اور عملی اقدامات کا آغاز کیا، ان پر آج عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا تحریک انصاف کے ووٹر مایوسی کا شکار ہے، ان کے لیڈر کے جیل سے متضاد اور جھوٹ پر مبنی بیانات آ رہے ہیں، انہوں نے جیل میں بیٹھ کر ملک اور ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف سازشیں کیں، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی، دوست ممالک کے خلاف بیانات دیئے، ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے کہا آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نفرت، انتشار اور منافقت کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے، آج جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے کام سب کو نظر آ رہے ہیں، ضمنی انتخابات کی ہر نشست پر مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری وفاق اور پنجاب کے اندر مسلم لیگ (ن) کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ ملک کے حالات بہتر ہوں گے، عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اتریں گے، ملک کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے، معاشی مسائل حل کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا۔ لاہور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی پر بیان میں کہا ہے کہ پنجاب نواز شریف کا تھا‘ ہے اور رہے گا۔ مسلم لیگ ن کے متوالوں کو شیر کی جیت کی خوشی مبارک ہو‘ مریم نواز کی کارکردگی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ پنجاب کی عوام نے ایک بار پھر فیصلہ سنا دیا‘ پنجاب صرف نواز شریف کا ہے۔