نارووال+ فیروزوالہ+ گجرات+ رحیم یار خان+ لاہور+ قلعہ عبداللہ (نامہ نگار+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران مختلف پولنگ سٹیشنز پر لڑائی جھگڑے اور بدنظمی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ نارووال کے حلقہ پی پی 54 کے گاؤں کوٹ ناجو میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں لیگی کارکن جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مخالفین نے جھگڑے کے دوران سر میں ڈنڈا مار دیا تھا، شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی جان کی بازی ہار گیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق جھگڑے کے بعد پی پی 54 پولنگ سٹیشن کوٹ ناجو میں ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فیروزوالہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول نظام پورہ میں لڑائی جھگڑے اور فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالہ میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنان گتھم گتھا ہوگئے، کارکن ایک دوسرے پر مکے برساتے رہے، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، گولیوں کی تھرتھراہٹ سے علاقہ گونج اٹھا، ووٹ کاسٹ کرنے آئی خواتین کی دوڑیں لگ گئیں۔ شیخوپورہ میں پی پی 139 کے پولنگ سٹیشن جھگیاں سیالہ میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے حامیوں میں جھگڑا ہوا جس کے باعث پولنگ کا عمل بند کر دیا گیا۔ ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق صورتحال پر قابو پا کر پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی پی 149 کے پولنگ سٹیشن 171 میں جھگڑا ہوا، موقع پر موجود پولیس نے آئی پی پی اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جھگڑا کیمپ لگانے پر ہوا۔ علاوہ ازیں لاہور کے حلقہ پی پی 149 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پولنگ سٹیشن نمبر 127 میں بھی کارکنوں کا تصادم ہوا۔ دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے شہری کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق الیکشن کمشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 54 نارووال میں پولنگ سٹیشن کے قریب میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا۔ علاوہ ازیںگجرات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 32میں 3پولنگ سٹیشنوں نت، پنڈی تاتار، کالرہ میں پولنگ کئی گھنٹے تک بد نظمی کی وجہ سے رکی رہی جس پر پولیس کی بھاری نفری ڈی ایس پی سٹی اسد اسحاق کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی جبکہ چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ قیصرہ الٰہی پارٹی کارکنوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی۔ پولنگ رکنے کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ تاہم بعدازاں پر امن ماحول میں دوبارہ ووٹنگ کا عمل شروع کروا دیا گیا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشنر پنجاب کنٹرول روم نے گجرات اور رحیم یار خان میں پولنگ رکنے کی خبر کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق گجرات کے پولنگ سٹیشن پر پولیس کے ذریعے صورتِ حال پر قابو پا لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ رحیم یار خان کے حلقے پی پی 266 کے پولنگ سٹیشن محب شاہ پر جھگڑا پولنگ سٹیشن سے باہر ہوا تاہم پولنگ سٹیشن پر پولنگ جاری رہیواضح رہے کہ رحیم یارخان کے حلقے پی پی 266 کے پولنگ سٹیشن محب شاہ پر جھگڑے کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ 2 سیاسی پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی، گاڑی کے شیشے توڑ دیے گئے اور جھگڑے میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔دریں اثنا الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 50، قلعہ عبداللہ میں پولنگ سٹاف کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔ چیف الیکشن کمشنر نے قلعہ عبداللہ میں پولنگ سٹاف کے اغوا سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمشن نے مختلف امیدواروں اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کی درخواست پر انتخابی حلقہ پی پی 50 قلعہ عبداللہ کے پولنگ سٹاف کے مبینہ اغوا کے واقع پر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ نے زبانی طور پر بتایا کہ پولنگ سٹاف کے اغوا کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ الیکشن کمشن نے ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں تحریری رپورٹ الیکشن کمشن کو دے تاکہ الیکشن کمشن مذکورہ بالا درخواستوں پر مناسب فیصلہ کرے۔ دوسری جانب قلعہ عبداللہ میں حلقہ پی پی 50 میں ہی مسلح افراد نے ایک پولنگ سٹیشن میں گھس کر فائرنگ کی جس سے خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔