جاپانی بحریہ کے 2 ہیلی کاپٹرز سمندر میں گر کر تباہ، ایک شخص ہلاک،7لاپتہ

ٹوکیو (آئی این پی ) 2 جاپانی فوجی ہیلی کاپٹرز سمندر میں ممکنہ طور پر ٹکرا کر گر گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 7 افراد لاپتا ہو گئے  ۔  جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے ترجمان نے بتایا کہ  حادثے کے بعد ایک شخص کو ریسکیو کرلیا گیا ہے تاہم بعد میں اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ جاپانی وزیر دفاع منورو کیہارا نے کہا کہ امدادی کارکنوں نے سمندر میں طیارے کا حصہ دیکھا اور ہمیں یقین ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو ئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن ہم سب سے پہلے جانیں بچانے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹرز رات کے وقت آبدوزوں سے مقابلہ کرنے کی مشقیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نے فلائٹ ریکارڈرز کو بازیافت کرلیا اور وہ ان دونوں ہیلی کاپٹرز کے درمیان تصادم کے امکان سمیت واقعہ کی وجہ کا تعین کر رہی ہے۔ براڈکاسٹر این ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ بظاہر یہ ہیلی کاپٹر پیسیفک میں ایزو جزائر پر رات کے وقت تربیت کے دوران گر کر تباہ ہو گئے۔ این ایچ کے کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر سے رات 10 بج کر 38 منٹ پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا ۔

ای پیپر دی نیشن