فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ٹیکسٹائل مل کا بوائلر پھٹنے سے بوائلر روم کی چھت اُڑ گئی۔ سٹیم اور ملبے تلے دب کر دو بھائیوں’ باپ بیٹے سمیت درجن بھر محنت کش بری طرح جھلس گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب سرگودھا روڈ پر واقع زینت ٹیکسٹائل کا سٹیم بوائلر پریشر زیادہ ہونے کی وجہ سے پھٹ گیا اور بوائلر روم کی چھت اُڑ گئی۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور دھماکہ کی آواز سنتے ہی ملز میں بھگدڑ مچ گئی اس وقت فیکٹری میں سینکڑوں محنت کش کام میں مصروف تھے۔ متعدد بُری طرح جھلس چکے تھے جن میں سمندری روڈ کا 26سالہ زنیر اس کا بھائی 20سالہ عمیر، 29سالہ ظہورساکن بہاولپور’ 38سالہ اعظم ساکن بہاولنگر’ 33سالہ عبدالوحید ساکن پاکپتن’ 40سالہ فیاض ساکن بہاولنگر’ 18سالہ ابوبکر ساکن باوا چک’ 18سالہ وسیم ساکن عارف والا’ 12سالہ سلیمان ساکن بہاولنگر’ 28سالہ مستنصر ساکن عارف والا’ 26سالہ شعیب، 29سالہ سہیل ساکن 47چک اور دیگر شامل تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے بری طرح جھلس جانے والے افراد کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال برن سنٹر منتقل کر دیا۔ جہاں پر تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔