راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی رحمت ؐ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ میری امت کا سب سے بڑا فخر اور شرف قرآنِ کریم ہے اور میں تمھارے درمیان دو چیزیں قرآنِ کریم و اہلِ بیت اطہار رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین چھوڑے جا رہا ہوں جب تک ان سے وابستہ رہو گے گمراہ نہ ہو گے۔ قرآنِ کریم کے متعلق ربِ رحمن ارشاد فرماتا ہے کہ یہ کتاب متقین کے لئے ہدایت ہے۔ مصطفی جانِ رحمت ؐ فرماتے ہیں کہ قربِ قیامت ایسے فتنے ظاہر ہوں گے کہ ایک شخص بظاہر قرآنِ کریم کا درس دیتے ہوئے دس مرتبہ قرآنِ کریم کا ذکر تو کرے گا لیکن ایک مرتبہ بھی وہ میرا ذکرِ خیر نہ کرے گا۔صاحبِ قرآنِ کریم ؐ فرماتے ہیں در حقیقت اس شخص نے قرآنِ کریم سے رجوع ہی نہیں کیا ہو گا،اگر وہ قرآنِ کریم سے رجوع کرتا تو قرآنِ کریم اسے لیکر آپ ؐ کی بارگاہِ اقدس میں پہنچا دیتا۔ حضور نبی رحمت ؐ کی انہی عظیم ترین تعلیمات کو مخلوقِ خدا تک پہنچانا، پڑھانا، یاد کروانا اور مخلوقِ خدا کی کردار سازی کرنا خانقاہی نظام کا خاصا ہے اور اسی سلسلہ میں کل بروز سوموار مبارک 22اپریل کو جو کہ شمسی حوالے سے حضور نبی کریم ؐ کے ارفع و اعلی میلاد پاک کا یوم ہے، عید گاہ شریف میں ایک نہایت عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ؐ کا بعد از نمازِ مغرب انعقاد نہات عقیدت و محبت و احترام سے کیا جائے گا جس میں نا صرف اندرونِ ملک بلکہ پوری دنیا سے وابستگانِ عید گاہ شریف، علمائے کرام، مشائخِ عظام، نعت خوانانِ عظام اور کثیر تعداد میں عوام الناس شرکت کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی،اتحاد بین المسلمین اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آبادکاری کے لئے خصوصی دعا کی۔
امت کا سب سے بڑا فخر اور شرف قرآنِ کریم ہے،پیر نقیب الرحمن
Apr 22, 2024