کراچی (نوائے وقت رپورٹ) روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے 2 رُکنی سعودی وفد نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا۔ سعودی قونصل جنرل بھی دورہ کرنے والے دو رکنی وفد کے ہمراہ تھے۔ قائم مقام ائرپورٹ مینیجر نے سعودی وفد کو بریفنگ دی، وفد نے ایئرپورٹ لاونجز کا جائزہ بھی لیا۔ ترجمان سول ایویشن اتھارٹی کے مطابق سعودی وفد نے اے ایس ایف، ایف آئی اے، کسٹمز، سی اے اے انتظامیہ سمیت پروسیسنگ ضروریات اور طریقہ کار کے تعین کے لیے ٹیکنیکل ٹیم سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان سی اے اے نے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ حج زائرین کیلئے کراچی ائرپورٹ پر سعودی امیگریشن سہولیات کو حتمی شکل دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ جناح انٹرنیشنل میں لائونج/ ہال/ ٹرمینل حتمی طور پر مختص ہونے کے بعد وہاں سعودی اہلکار کائونٹرز اور آلات لگا سکیں گے۔ واضح رہے کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہلے ہی کامیابی سے نفاذ ہو چکا ہے۔