لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کے ترجمان نے اس بات کی تردید کی ہے کہ چینی کی ایکس مل قیمتیں 145 روپے سے بڑھ کر 150 روپے فی کلو ہو گئی ہیں جو کہ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چینی کی موجودہ ایکس مل قیمتیں 133 سے 135 روپے فی کلو جبکہ پیداواری لاگت کا حساب لگایا جائے تو چینی کی قیمت 175 روپے فی کلو گرام بنتی ہے کیونکہ شوگر انڈسٹری نے کرشنگ سیزن 24-2023ء میں 425 سے 550 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدا ہے۔ پچھلے سال گنے کی کم از کم امدادی قیمت تقریباََ 300 روپے فی من تھی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملک میں 15 لاکھ ٹن چینی سرپلس پڑی ہے اور حکومت پر کوئی مالی بوجھ ڈالے بغیر اسے برآمد کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔