گوادر (آئی این پی ) پاک بحریہ کا گوادر، اورماڑہ اور اس سے ملحقہ دیہاتوں میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد آپریشن مدد گزشتہ تین روز سے جاری ہے۔ پاک بحریہ کو مقامی ذرائع سے ضلع گوادر کے دور دراز علاقوں میں بڑے پیمانے پر مختلف خاندانوں کے محصور ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ متعلقہ دیہاتوں میں متاثرین زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث راشن اور دیگر ضروریات زندگی سے مکمل محروم تھے۔ پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ریسکیو آپریشن ترتیب دیا اور مرادی، ڈنڈو، کولانچ اور ضلع گوادر کے ملحقہ دیگر علاقوں تک راشن بیگز اور امدادی سامان پہنچایا۔ پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹروں نے سینکڑوں پھنسے ہوئے خاندانوں تک متعدد پروازوں کے ذریعے راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ پاک بحریہ قدرتی آفات کے دوران ساحلی عوام کی ہر ممکن مدد کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے اور حال ہی میں ہونے والے نقصانات کے بعد عوام کی مکمل بحالی تک ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ مقامی لوگوں کی پکار پر فوری ریلیف آپریشن کا انعقاد پاک بحریہ کے ساحلی عوام کے ساتھ مضبوط تعلقات کا عملی مظہر ہے اور ضرورت کی ہر گھڑی میں ہم وطنوں کی مدد کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔