کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی پولیس رسپانس کی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق دو دہشت گروں نے غیر ملکی مہمانوں کے کانوائے پر حملہ کیا۔ خودکش دھماکا ہوتے ہی ساتھی ملزم نے گاڑیوں پر فائرنگ کی اور 300 میٹر دور مخالف سمت میں کھڑی پولیس موبائل نے فوری رسپانس کیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے پوزیشن سنبھالی تو ریتی اور بلاک کے پیچھے موجود دہشت گرد سکیورٹی گارڈ اور مہمانوں پر فائرنگ کر رہا تھا۔ پولیس کو دیکھتے ہی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ اہلکاروں نے بلاک کے پیچھے چھپے دہشت گرد کو سر پر ایک گولی ماری، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ملزم کی ہلاکت بڑے ہتھیار کی گولی سے ہوئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی پولیس کا رسپانس دو منٹ سے کم ہے۔