گجرات (نامہ نگار) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پی پی 32 کے کٹھالہ پولنگ سٹیشن پر سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی، ہمشیرہ ثمرہ الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں دھاندلی خود الیکشن کمیشن کے خلاف چارج شیٹ ہے، الیکشن کمیشن کو بارہا کہا گیا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے جو نہیں دی گئی‘ پولنگ سٹیشن پر صبح سویرے ہی ڈنڈا بردار لوگ یونیفارم اور سادہ لباس میں پہنچے، پولیس اور پولنگ سٹاف کو کمروں سے نکال کر بیلٹ پیپرز لیکر ڈبوں میں ڈالے گئے، مختلف پولنگ سٹیشن پر ریکارڈ میں 100 کے لگ بھگ ووٹ کاسٹ ہوئے مگر بیلٹ بکس بھرے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بیلٹ بکس رات گئے یا صبح سویرے بھرے گئے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی جلد دیکھ رہا ہوں، 5 دنوں میں 3 سزائیں دلوانے والوں نے ایک جج سے اس کے بیٹے کا ملتوی کروایا، ووٹ اور پبلک کی سپورٹ سے ہی ایوان بننا چاہے۔ چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی، ہمشیرہ ثمرہ الٰہی نے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی انتہا کر دی گئی، بھائی ہی بھائی کے ووٹو ں پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے میدان میں آگیا، حیران ہوں کہ ایک دو گھنٹے میں ہی پولنگ سٹیشنوں پر لوگ پہنچے نہیں مگر بیلٹ بکس بیلٹ پیپروں سے بھر دئیے گئے۔ مجھے تو ایسا رویہ اپنانے والوں کو اپنا بھائی کہتے ہوئے بھی شرمندگی محسوس ہو رہی ہے۔