فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی + اے پی پی) حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میںبجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے۔ مزید 28 بجلی چور پکڑے گئے جن کو54ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور21لاکھ 22ہزار سے زائدکے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن سے 225 روز کے دوران کل 7485 بجلی چور پکڑے گئے جن کو ایک کروڑ 74لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 77کروڑ 94لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیسکو ریجن میں مجموعی طور پر 7408بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج جبکہ کل 6157کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے۔ فیسکو نے بجلی چوروں سے 55کروڑ 53لاکھ سے زائد کی ریکوری بھی کرلی ہے۔ بجلی چوری میں 7034 گھریلو، 228 کمرشل، 202 زرعی جبکہ 21انڈسٹریل صارفین ملوث پائے گئے۔ جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران مزید 5 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر146 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 66کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 3 کمرشل، 2 زرعی اور 141 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 2 لاکھ 4 ہزار 53 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 33 لاکھ 27 ہزار 75 روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کے علاقہ مصری شاہ میں کنکشن کو 1 لاکھ 10 ہزار روپے ، ٹبی سٹی کے علاقے میں کنکشن کو1 لاکھ روپے ، قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں ایک ملزم کو 95 ہزار روپے اور چونیاں میں ہی ایک اور ملزم کو 92 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔