لاہور (نامہ نگار) پولیس نے ویلنشیا ٹاؤن سے تحریک انصاف کے رہنما، سابق رکن اسمبلی شبیر گجر کو گرفتار کر لیا ہے۔ شبیر گجر پی پی 164 سے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار یوسف میو کے ووٹرز کے ساتھ ویلنشیا ٹاؤن میں پولنگ سٹیشن پر گئے تھے۔ پولیس نے پولنگ سٹیشن سے شبیر گجر کو گرفتار کرکے ہلوکی پولیس سٹیشن میں منتقل کردیا ہے۔ شبیر گجر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کا نہ تو کسی سے کوئی لڑائی جھگڑا ہوا اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے۔ پولیس کے مطابق شبیر گجر کو حفاظتی طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔ علاعہ ازیں این اے 119میں اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کے امیدوار میاں شہزاد فاروق نے الزام عائد کیا کہ ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا۔ ہمارے پولنگ ایجنٹ کو آر او آفس سے باہر نکال دیا گیا ہے، ہم پولنگ ایجنٹ کو تنگ کرنے کی شکایات کی درخواست لیکر آر او آفس بھی گئے۔