لاہور (نامہ نگار) ضمنی الیکشن کے موقع پر گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ پنجاب کے 2599 پولنگ سٹیشنز میں سے 419 کو انتہائی حساس جبکہ1081 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 35 ہزار سے زائد افسران و جوان ضمنی الیکشن میں سکیورٹی پر تعینات رہے۔ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا خود نگرانی کرتے رہے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور میں بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی اور ایس پی ماڈل ٹاؤن احمد زنیر چیمہ نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور سکیورٹی امور کا جائزہ لیا۔