صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 40 لاکھ ایکڑ مقررہے،سیکرٹری زراعت 

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہوکی زیر صدارت کپاس کی فصل کے بارے میں منعقدہ دوسرے اجلاس میں فصل کی موجودہ صورت حال کاجائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت 40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کی جائے گی ۔کپاس کی کاشت و پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کا ر لائے جارہے ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے مزید کہا کہ ڈویژنل ڈائریکٹر کپاس کی کاشت و پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے فیلڈ میں جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔ اہداف کے حصول کیلئے جاری فیلڈ سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔یکم مئی سے فیلڈ اسسٹنٹ سے ڈویژنل ڈائریکٹر تک تمام عملہ کی فیلڈ سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ سٹاف کی کمی کو پوراکرنے کیلئے ریٹائرڈ زراعت آفیسرزوفیلڈ اسسٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل وڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں اور کپاس کی کاشت کیلئے  زرعی مداخل،نہری پانی کی فراہمی و دیگر متعلقہ مسائل کمیٹیوں میں اجاگر کئے جائیں تاکہ انتظامیہ کے تعاون سے ان پر قابو پایا جاسکے۔ڈویژن وڈسٹرکٹ ٹیکنیکل کاٹن مینجمنٹ کمیٹیوں کے اجلاس میں بھی فیلڈز میں منعقد کئے جائیں اور فصل اور موسم کی موجودہ صورت حال کے مطابق ٹیکنیکل ایڈوائزری جاری کی جائے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کسانوں کا معاشی استحصال کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔مارکیٹ میں معیاری بیج و دیگر زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے عمل میں بہتری لائی جائے ۔

ای پیپر دی نیشن