راولپنڈی(جنرل رپورٹر)تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ نظریہ اساسی اور تصورِ پاکستان پیش کرنے پر پوری قوم شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شکر گزار ہے جن کی تعلیمات کی عملی پیروی کر کے دہشت گردی سے شدید زخمی وطنِ عزیز کو امن و آشتی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے، علامہ اقبال کے افکار و نظریات سے انحراف کے نتیجے میں آج ملک کا انگ انگ مجروح ہے اور درد سے کراہ رہا ہے، حکمران و سیاستدان اپنی ذات و مفاد کے بجائے قوم و ملک کے اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں، زندہ اقوام ہمیشہ اپنے مشاہیر کے فرمودات کو مشعلِ راہ بنا کر کامیابیوں اور سرفرازیوں سے ہمکنار ہوتی ہیں، مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کا یومِ وفات آج اس امر کا ہی متقاضی ہے کہ ملک کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ، آئین و قانون کی حکمرانی و پاسداری اور انصاف کی عملداری کی تڑپ رکھتے ہوئے سلطانی جمہور کو کوئی آنچ نہ آنے دینے کا عزم کِیا جائے