حضرو (نمائندہ نوائے وقت)رکن قومی اسمبلی و کنوینر ضلعی رابطہ کمیٹی اٹک شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ضلعی رابطہ کمیٹی اٹک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان کمڑیال،اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری شیرعلی خان،ملک اعتبار خان، ڈی سی اٹک را عاطف رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید،سابق چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود،ضلعی صدر پی ایل ایم (نواز) سلیم شہزاد، سی ای او ایجو کیشن اٹک ساجدہ مختار، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل کے علاوہ شیخ اجمل محمود طلال بٹ سابق چیئرمین بلدیہ حضرو نزاکت خان ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر راشد مشتاق دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے علاوہ دیگر عوامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح وبہبود کے لیے ترقیاتی کام بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور ان کاموں کو مقرر ہ مدت میں پورا کرلیا جائے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی بلڈنگز کے تحت 44 ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں جن پر1282.798ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوں کی بحالی اور مرمت کی 47سکیمیں جاری ہیں 106824.345ملین روپے لاگت آئے گی۔ پبلک ہیلتھ کی 06 سکیمیں جاری ہیں جن پر 1393.075ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ لوکل گورنمنٹ کی 11سکیموں پر 562.792ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔
پنجاب حکومت عوامی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی،شیخ آفتاب
Apr 22, 2024