400ٹن سامان روانہ فلسطینی بھائی ، بہنوں کی انسانی  ضروریات پوری کرنے کیلئے پر رعزم اسحاق ڈار

 اسلام آباد( خبرنگار خصوصی+آئی این پی )  غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان  سے ایک اور امدادی کھیپ روانہ کردی  گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے400 ٹن  امدادی سامان پر مشتمل کھیپ کراچی کی بندرگاہ سے مصر میں پورٹ سید کے لیے روانہ کی جائے گی۔ پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے غزہ کے لوگوں کے لیے یہ آٹھویں امدادی کھیپ بھیجی جا رہی ہے۔ اتوار کو کراچی بندرگاہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا  اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد رباعی نے کھیپ وصول کی۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر احمد امجد علی،این ڈی ایم اے کے نمائندے اور مختلف امدادی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ امداد میں موسم سرما میں خیمے، ترپال، کمبل، ادویات اور خوراک کا سامان شامل ہے۔ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق یہ امداد مصر کے پورٹ سعید میں پاکستانی سفیر وصول کریں گے۔ غزہ کے لوگوں تک آگے کی ترسیل کے لیے امداد کو مصری ہلال احمر کے حوالے کر دیاجائے گا۔وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان غزہ میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔امدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے  فراہم کیا گیا،روانگی کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ الخدمت کی بین الاقوامی پارٹنراین جی اوزاور مصری ہلال احمرکے ذریعے امدادی سامان غزہ کے متاثرین تک پہنچایاجائے گا۔ صدر الخدمت نے کہا کہ غزہ متاثرین کی مکمل بحالی تک الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی قوم مدد کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔

ای پیپر دی نیشن