اسلام آباد (خبرنگار)جماعت اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ کل جماعتی علما ومشائخ کنونشن بعنوان تحفظ عقیدہ ختم نبوت میں جید علما مشائخ و عظام اور ملک بھر سے آئے ہوئے تمام مکاتب فکر کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی اساس اور ہمیں جان سے عزیز تر ہے جس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر پابندی عائد کئے جانے سمیت فوری طور پر انہیں کلیدی عہدوں سے برطرف کیا جائے، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے اختلافات سے بالاتر ہو کر تحریک ختم نبوت کی طرز پر تحریک چلانے کیلئے سروں پر کفن باندھنے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں منعقدہ کنونشن میں پیر سید حسین الدین شاہ، پیر سید شمس الدین شمس گیلانی، علامہ پیر حامد سعید کاظمی، علامہ پیر سید شبیر علی شاہ گیلانی، پیر محمد گلزار نقشبندی، علامہ صاحبزادہ محمد عثمان غنی، علامہ محمد اسلم ضیائی، ریاضت حسین راجہ، مفتی ضمیر احمد ساجد، مفتی حنیف قریشی، پی ایف یو جے دستور کے صدر محمد نواز رضا، مولانا غلام محمد چشتی، جے یو آئی کے مولانا نذیر احمد فاروقی، علامہ آفتاب حسین جوادی، مولانا حافظ اقبال رضوی، مولانا رضا مصطفی نورانی، پیر سید جہانگیر شاہ سعیدی، رائو عبدالرحیم ایڈووکیٹ، قاضی عادل عزیز ایڈووکیٹ، سید ظاہر حسین شاہ، راجہ آصف علی خان، حافظ مقصود علی، مولانا پیر محمود احمد عباسی، علامہ حمید ضیائی سمیت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور تمام دینی جماعتوں کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔ پیر صاحب گولڑہ شریف پیر سید شمس الدین شمس گیلانی نے کہا کہ ختم نبوت کے منکر کافر ہیں، نبی پاکؐ آخری نبی ہیں، قیامت تک کوئی نبی نہیں آسکتا، عقیدہ تحفظ ختم نبوت کیلئے اپنے اکابرین کی طرح کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی کو قرآن و سنت کی غلط تشریح کرنے کی اجازت دیں گے۔ قادیانی غیر مسلم اقلیت ہیں، انہیں شعائر اسلام کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں دیں گے۔