لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور کے حلقہ پی پی 149 کے پولنگ سٹیشن 127 پر پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹوں سے قبل از وقت ہی فارم 45 پر دستخط کروا لئے۔ سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں کی جانب سے پولنگ سٹیشن پر احتجاج کیا گیا۔کارکنوں کا کہنا تھا فارم پر پہلے سائن کیوں کرائے یہ دھاندلی ہے۔ احتجاج کرتے ہوئے کارکنوں نے نعرے بازی کی اور مطالبے پر پریزائیڈنگ افسر نے بھی اعتراف کر لیا۔ پریزائیڈنگ افسر اقبال نے کہا شام کو وقت کم ہوتا ہے اس لیے فارم پر دستخط وقت بچانے کے لئے کروائے۔ سنی اتحاد کونسل رہنما نے کہا یہ پری پول رگنگ ہے لہٰذا پریزائیڈنگ افسر کو گرفتار کیا جائے۔ احتجاج کے بعد پریزائیڈنگ افسر نے دستخط شدہ فارم 45 پھاڑ دئیے۔ الیکشن کمشن نے پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے فارم 45 پر پیشگی دستخط کروائے جانے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ اس معاملہ پر کمشن مزید قانونی کارروائی عمل میں لا سکے۔