اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھنا ایک طرح کا تشدد ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چودھری پیش ہوئے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسٹیٹ کونسل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس کوئی گراؤنڈز نہیں ہے۔عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل سے استفسار کیا کہ آپ ابھی بھی بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقل کرانا چاہ رہے ہیں. جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی بالکل ہم بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل منتقل کرانا چاہتے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کے وکلاء سے آئندہ سماعت پر تحریری دلائل طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس کیس میں اب مزید تاخیر نہ ہو۔
بعدازاں عدالت نے اسٹیٹ کونسل کی وقت مانگنے کی استدعا منظور کر کے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔