سنی اتحاد کونسل نے ضمنی انتخابات مسترد کر تے ہوئے جمعہ کے روز تمام صوبائی حلقوں میں بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ایک ڈھونگ رچایا گیا. الیکشن کے روز انٹرنیٹ سروسز بند کر دی گئی. ضمنی انتخابات میں گجرات پولنگ اسٹیشن میں ہمیں روکا گیا.ایک پولنگ سٹیشن پرامیدوار کے والد نے بتایا کہ ووٹ تو پہلے ہی ڈالے جا چکے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کل پنجاب میں کھلی دھاندلی ہوئی ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فوری روکا جائے اگر دھاندلی ہوئی ہے تو جیت کا نوٹیفکیشن کسی صورت نہیں ہونا چاہئے. موجودہ الیکشن کمیشن اور حکومت پنجاب پر آرٹیکل 6 کے پرچے ہونے چاہئیں۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہباز شریف نے کم اور اس کی جگہ لڑنے والے امیدوار نے زیادہ ووٹ لیے ہیں. ہماری الائنس ”تحریک تحفظ آئین پاکستان ”کے تحت فیصل آباد سے آغاز کریں گے. کراچی میں بھی الائنس کے پلیٹ فارم سے احتجاج ہوگا، جبکہ جمعہ کے روز تمام صوبائی سیٹوں پر بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔انکا مزیدکہنا تھا کہ گجرات میں بھی ایک بڑا جلسہ کیا جائے گا.پی ٹی آئی رہنما ؤں نے کہا کہ اندرون سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی بھرپور جلسے کریں گے، جب تک ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہ ہوگی تحریک جاری رہے گی،کل کے الیکشن کو الیکشن کہنا بھی توہین ہے۔