بونیر....قافلے پر حملہ‘ وزیر تعلیم خیبر پی کے حسین بابک زخمی

بونیر + وانا + میرانشاہ (نیوز ایجنسیاں + نامہ نگار + ریڈیو مانیٹرنگ) بونیر میں نامعلوم افراد نے وزیر تعلیم خیبر پی کے سردار حسین بابک کے قافلے پر حملہ کیا جس سے وہ 2 محافظوں سمیت زخمی ہو گئے۔ جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں نے فوجی چوکی پر حملہ کیا جس سے ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ جوابی کارروائی میں 2 شدت پسند مارے گئے۔ شمالی وزیرستان میں فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس سے 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔ شدت پسندوں کیساتھ جھڑپ میں 2 شہری مارے گئے۔ وادی تیراہ میں کالعدم تحریک طالبان اور لشکر اسلام کے درمیان جھڑپ میں 3 جاں بحق 4 زخمی ہو گئے۔ باڑہ میں شدت پسندوں نے خاصہ دار فورس کے سابق افسر کا گھر اور ایک سرکاری سکول تباہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سردار حسین بابک کے قافلہ پر چنگلئی کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ان کے بازو پر گولی لگی انہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ان کے بھائی کے مطابق انکی حالت خطرے سے باہر ہے۔ شمالی وزیرستان میں قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملے سے 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے شمالی وزیرستان ایجنسی کی تمام تحصیلوں میں غیر معینہ مدت تک کیلئے کرفیو نافذ کر دیا۔ باڑہ کے علاقہ قمبر میں شدت پسندوں نے 2 رابطہ پلوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں سکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کر مکان سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا اور مالک مکان کو گرفتار کر لیا۔
وزیرستان

ای پیپر دی نیشن