لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز قصور کا دورہ کیا اور دریائے ستلج سے متاثرہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کی متاثرہ علاقے میں آمد پر عوام کی بڑی تعداد اکٹھی ہوگئی اور انہوں نے ”شہباز شریف زندہ باد“ کے پرجوش نعرے لگائے۔ مختلف تنظیموں کے سرکردہ افراد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد میں حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو سیلاب متاثرین کی امداد اور سیلاب متاثرہ علاقوں کے طوفانی دوروں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے صحیح معنوں میں عوام کا خادم ہونے کا ثبوت دیا ہے۔