لاہور (میاں علی افضل سے) بی اے، بی ایس سی کے امتحان میں پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں موجود 270 سرکاری کالجز میں سے صرف 14 کالجز 100 فیصد رزلٹ دینے میں کامیاب ہوئے ہیں 4 کالجز کا رزلٹ 0 کی شرح سے آگے نہیں بڑھ سکا جبکہ صوبائی دارالحکومت کے 47 کالجز میں سے 5 کالجز 30 فیصد رزلٹ دینے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے۔ بہترین رزلٹ نہ دینے والے کالجز کے خلاف آئندہ چند دنوں میں کارروائی کا آغاز ہو جائے گا اور ان کالجز کے پرنسپلز کو تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ گورنمنٹ کالج پنڈی گھیب سے بی ایس سی کےلئے 4 طالبعلموں نے امتحان میں شرکت کی جس میں سے کوئی بھی کامیاب نہیں ہو سکا اسی طرح گورنمنٹ ڈگری کالج مری سے بی ایس سی کےلئے 11 طالبعلموں نے شرکت کی جن میں سے ایک بھی طالبعلم کامیاب نہیں ہوا۔ گورنمنٹ وارث شاہ کالج جنڈیالہ شیر خان سے بی اے کےلئے 4 طالبعلم نے امتحان کےلئے شرکت کی جن میں سے کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا، گورنمنٹ ڈگری کالج دینہ سے بی اے کے امتحان کےلئے 2 امیدواروں نے شرکت کی جن میں ایک بھی کامیاب نہیں ہو سکا 100 فیصد رزلٹ دینے والے کالجز میں سے گورنمنٹ کالج فار وویمن شور کوٹ سے بی سی ایس کےلئے امتحان میں 2 طالبات نے شرکت کی جو کامیاب رہیں۔ پنجاب کالج فار وویمن سیٹلائٹ ٹاون سرگودھا سے بی ایس سی کےلئے ایک طالبہ نے شرکت کی جو کامیاب رہی، قربان ڈگر ی کالج فار وویمن والٹن روڈ لاہور کینٹ سے بی ایس سی 7 طالبہ نے شرکت کی جو تمام کامیاب رہیں، گورنمنٹ کالج فار وویمن گلشن راوی لاہور سے بی ایس سی کےلئے 2 طالبات نے شرکت کی دونوں ہی کامیاب ہو گئیں۔ ڈیفنس ڈگری کالج فار وویمن ڈی ایچ اے لاہور کینٹ سے بی ایس سی کےلئے 10 طالبات نے شرکت کی جو تمام کامیاب ہو گئیں۔ گورنمنٹ کالج فار وویمن بلال گنج لاہور سے بی ایس سی کےلئے 4 طالبہ نے شرکت کی جو کامیاب ہو گئیں۔ گورنمنٹ کالج فار وویمن قصور سے بی ایس سی کےلئے ایک طالبہ نے شرکت جو کامیاب ہوئی۔ گورنمنٹ وارث شاہ کالج جنڈالہ شیر خان سے بی ایس سی کےلئے 2 امیدواروں نے شرکت کی دونوں کامیاب رہے۔ صوبائی دارالحکومت میں اختر ماجد ڈگری گرلز ڈگری کالج ٹا¶ن شپ لاہور سے 44 طالبات نے امتحان میں شرکت جن میں 31 طالبات امتحان میں کامیابی نہیں حاصل کر سکی۔ اخوان سائنس کالج برکی روڈ لاہور سے 66 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جن میں 47 امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے۔ گورنمنٹ کالج فار وویمن گوالمنڈی سے 56 طالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 47 طالبات کامیاب نہیں ہو سکیں۔ گورنمنٹ دیال سنگھ کالج سے 103 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جن میں 74 امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے۔ پی آر ایکس کالج آف آرٹ اینڈ سائنس فار گرلز سے 41 طالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 31 طالبات کامیاب نہیں ہو سکیں۔
بی اے، بی ایس سی: 270 سرکاری کالجوں میں صرف 14 کا نتیجہ 100 فیصد رہا
Aug 22, 2013