لاہور + گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر تعلیمی بورڈز نے سیکنڈری سکول سالانہ امتحان جماعت نہم 2013ءکے نتائج کا اعلان کر دیا۔ لاہور بورڈ کے زیراہتمام سالانہ امتحان میں 214975 طلبا و طالبات نے شرکت کی جن میں 84868 امیدواران نے کامیابی حاصل کی اس طرح کامیابی کا تناسب 39.48% رہا۔ سائنس گروپ میں 72034 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 26975 جبکہ 50066 لڑکیاں جن میں سے 29563 نے کامیابی حاصل کی جبکہ آرٹس گروپ میں 41738 لڑکوں نے شرکت کی جن میں 7039 نے کامیابی حاصل کی جبکہ آرٹس گروپ میں 51137 لڑکیوں نے شرکت کی جن میں سے 21291 نے کامیابی حاصل کی۔ گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ کے نتائج کے مطابق سوا لاکھ سے زائد امیدوار فیل ہو گئے۔ اس طرح فیل ہونیوالوں کا پلڑا بھاری رہا‘ صرف 38 فیصد کو کامیابی ملی۔ خراب نتائج پر اساتذہ میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔ نتائج کے مطابق جماعت نہم کے امتحان میں کل 207883 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 127683 فیل اور صرف 79200 پاس ہو سکے۔ طالبات کی کامیابی کی شرح 50.44 فیصد رہی جبکہ طالبعلموں نے 26.64 فیصد کی شرح سے کامیابی حاصل کی۔ فیصل آباد ڈویژن سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 576 طلبا و طالبات نے شرکت کی تھی جن میں سے 57 ہزار 780 طلبا و طالبات پاس اور 82 ہزار 796 طلبا و طالبات فیل ہوئے ہیں۔ کامیابی کا تناسب 40.25 فیصد رہا۔ سرگودھا بورڈ میں کل 77806 امیدواروں نے حصہ لیا، ان کا تناسب 29.46 فیصد رہا۔ ساہیوال اور بہاولپور بورڈز نے بھی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور اور گوجرانوالہ بورڈ نے 9 ویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا
Aug 22, 2013